اسلام آباد (ٹی این ایس) پولیس کا بھتہ خوری میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری۔سکیورٹی چارجز کے نام پر بھتہ وصول کرنے والے دو ملزمان گرفتار۔ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف کی زیرِ نگرانی تھانہ کورال پولیس ٹیم نے غوری ٹاؤن میں بھتہ خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں اور پلاٹ مالکان سے سکیورٹی چارجز کے نام پر بھتہ وصول کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر اور بھتہ خوری میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس سلسلہ میں شہریوں کی جانب سے بھتہ وصولی اور ہراساں کیے جانے کی شکایات موصول ہونے پر ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو بھتہ وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان مبینہ طور پر غوری ٹاؤن میں شہریوں اور پلاٹ مالکان کو سکیورٹی چارجز کے نام پر ہراساں کرکے ان سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کر رہے تھے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ کورال میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف نے کہا کہ شہریوں کو ہراساں کرکے غیر قانونی طور پر بھتہ وصول کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی اور جرائم کی مؤثر روک تھام کے لیے پولیس ٹیموں کو متحرک رکھا گیا ہے۔ بھتہ خوری میں ملوث دیگر عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کامیاب کارروائی پر ایس پی سواں زون محمد خرم اشرف اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ شہریوں کو ہراساں کرنے اور غیر قانونی طور پر رقم وصول کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی













