اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر میں سینئر افسران کا اہم اجلاس۔آئی جی اسلام آباد نے محکمانہ، انتظامی اور آپریشنل امور، مجموعی امن و امان کی صورتحال، شہریوں کی سہولت کے اقدامات اور پبلک سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔سینئر پولیس افسران کو محکمانہ امور مزید موثر اور منظم انداز میں سرانجام دینے، دستیاب وسائل کو بہترین انداز میں بروئے کار لانے اور شہریوں کو بروقت، موثر اور پیشہ ورانہ پولیس خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات جاری۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس جدید کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر، سینٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا، جس میں پولیس کی مجموعی کارکردگی، امن و امان کی صورتحال، محکمانہ امور، انتظامی معاملات اور آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، ڈی آئی جی لاءاینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر، ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق، ڈی جی سیف سٹی محمد ہارون جوئیہ، سی ٹی او ٹریفک کائنات اظہر خان سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شہریوں کو سہولیات کی فراہمی، پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے، عوام دوست پولیسنگ کے فروغ، جرائم کی روک تھام، امن و امان کے قیام اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران کی جانب سے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی اور جاری اقدامات کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد کو بریفنگ بھی دی گئی۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے افسران کو ہدایت کی کہ محکمانہ اور آپریشنل امور کو مزید موثر، منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیا جائے اور دستیاب وسائل کو بہترین حکمتِ عملی کے تحت بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بروقت، موثر اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے عوامی سہولت اور سروس ڈیلیوری کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے جبکہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ ورانہ رویے کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔ پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے افسران کو سونپے گئے مختلف ٹاسکس پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور ان پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے ذمہ تفویض کردہ امور اور ٹاسکس کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں اور ان پر ہونے والی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ کریں۔آئی جی اسلام آبادسید علی ناصر رضوی نے مزید ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے، جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط اور موثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے اور فیلڈ میں پولیس کی موجودگی و نگرانی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور بہترین پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بھرپور انداز میں استعمال کرے گی۔آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمانہ کارکردگی میں مزید بہتری، موثر نگرانی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے اسلام آباد کو مزید محفوظ، پرامن اور شہری دوست دار شہر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے














