اسلام آباد (ٹی این ایس) پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے پرعزم ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم اور ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی کھلی کچہریاں، شہریوں کے مسائل سنے، متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور انہیں بروقت ریلیف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔اسی طرح ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے بھی اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں، جنہیں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے سنا اور متعلقہ افسران کو مارک شدہ درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر قانونی کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ پر فوری حل اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہری اپنے مسائل کے حل کے لیے “آئی جی پی شکایت سیل -1715 “پر بھی اپنی شکایات اور مسائل درج کروا سکتے ہیں۔ اسلام آباد پولیس مختلف اقدامات کے ذریعے عام شہریوں تک پہنچ کر ان کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے تمام سینئر پولیس افسران کو ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کے احکامات جاری کیے ہیں، جبکہ اس سلسلے میں تمام زونل ایس پیز اپنے اپنے زونز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔ اسلام آباد کا کوئی بھی شہری ان کھلی کچہریوں میں کھل کر اپنے مسائل بیان کر سکتا ہے۔ اسلام آباد پولیس کی اس عوامی رابطہ مہم کا مقصد شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس خواتین اور بچوں پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور تمام درخواستوں پر میرٹ پر فیصلے کیے جائیں گے۔ شہریوں کی جان، مال اور عزت نفس کا تحفظ مقدم ہے
















