اسلام آباد (ٹی این ایس) کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے شہداء و غازیوں کے کے اہلخانہ سے ملاقات کی، غازی اہلکاروں کی عیادت اور پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے پولیس فورس کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح قراردیا ۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے شہداء و غازی پولیس اہلکاروں کے گھروں اور پولیس لائنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات، غازی اہلکاروں کی عیادت اور پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف انتظامات کا جائزہ لیا۔آئی جی اسلام آباد نے شہید اے ایس آئی محسن ظفر، دورانِ سروس وفات پانے والے کانسٹیبل سیف علی شاہ اور دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے غازی کانسٹیبل محمد حنیف کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، اہلخانہ کی خیریت دریافت کی اور ان کے مسائل و ضروریات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے شہداء کے بچوں کے ساتھ وقت گزارا، ان سے گھل مل گئے اور ان میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے غازی کانسٹیبل محمد حنیف کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور پولیس فورس کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہداء ہمارے ہیروز ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شہداء کے اہلخانہ کی عزت و تکریم، فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا بروقت حل اسلام آباد پولیس کی ذمہ داری ہے۔ غازی پولیس فورس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس اپنے شہداء اور غازیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہداء کے اہلخانہ اور غازی پولیس اہلکاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے پولیس لائنز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف برانچز، رہائشی بیرکس، میس اور دیگر مقامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے رہائشی بیرکس میں پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہے اور جوانوں کو بہتر رہائشی و بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس جوانوں کی رہائش گاہوں کو مزید بہتر بنایا جائے اور ان سے متعلق تمام امور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔آئی جی اسلام آباد نے پولیس لائنز کے میس میں کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ پولیس جوانوں کو معیاری اور صحت بخش کھانا فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جوان دن رات شہریوں کے تحفظ کے لیے فرائض سرانجام دیتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود اور بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا انتہائی اہم ہے۔دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے پولیس لائنز میں موجود غازی پولیس اہلکاروں سے بھی ملاقات کی، ان کی عیادت کی، خیریت دریافت کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے غازی اہلکاروں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس اپنے شہداء، غازیوں اور تمام پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی اور پولیس فورس کو درپیش مسائل کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے گا















