اسلام آباد (ٹی این ایس) کیپیٹل پولیس ہائی سیکیورٹی زون میں اعلیٰ عدلیہ کی سیکیورٹی کے لیے متحرک۔ سینئر پولیس افسران کے فول پروف حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے احکامات جاری۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آ ف پولیس سکیورٹی ڈویژن رانا عمر فاروق کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام اور اعلیٰ عدلیہ سمیت اہم سرکاری عمارتوں کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ہائی سیکیورٹی زون میں اعلیٰ عدلیہ کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکار اپنے فرائض مستعدی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دے رہے ہیں۔سینئر پولیس افسران نے ہائی سیکیورٹی زون میں تعینات افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ڈیوٹی کے دوران مکمل الرٹ رہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہا جائے۔موجودہ حالات کے پیشِ نظر اہم سرکاری عمارتوں اور دفاتر کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانا اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں














