اسلام آباد (ٹی این ایس) آر پی او جہانزیب نذیر خان اور کمشنر شاہ رخ علی خان کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کی ہدایت، دور دراز علاقوں کے لیے آن لائن سہولت متعارف کرانے کا فیصلہ
ھمارے نمائندے ثاقب خان کھٹڑ کی رپورٹ کے مطابق
آر پی او ہزارہ جہانزیب نذیر خان اور کمشنر ہزارہ شاہ رخ علی خان نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو ایک ہفتے کے اندر مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تھانہ کی سطح پر عوامی سہولت ڈیسک قائم کرنے اور دور دراز علاقوں کے شہریوں کے لیے آن لائن کھلی کچہری منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں ایبٹ آباد میں منعقدہ عوامی کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر حمید اللہ خان، ڈی پی او ہارون الرشید، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ ضلع کے مختلف علاقوں سے آنے والے مرد و خواتین نے اپنے مسائل پیش کیے اور تحریری درخواستوں کے ذریعے اعلیٰ حکام کی توجہ مختلف شکایات کی جانب مبذول کرائی۔
آر پی او ہزارہ اور کمشنر ہزارہ نے سائلین کا مؤقف سننے کے بعد متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ درخواستوں پر قانون اور میرٹ کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے ایک ہفتے میں مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو براہ راست حکام تک رسائی فراہم کرنا اور ان کی شکایات کا مؤثر ازالہ یقینی بنانا ہے۔
دونوں افسران نے کہا کہ عوام کو جلد تھانہ کلچر میں مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔ سہولت مراکز کی طرز پر تھانوں میں عوامی سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں گے، جہاں شہریوں کی شکایات سنی جائیں گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ تھانوں میں آنے والے سائلین کو بہتر سہولیات اور فوری انصاف کی فراہمی ممکن ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو اپنی شکایات پیش کرنے کے لیے طویل سفر سے بچانے کی غرض سے آن لائن عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا۔ شہری اپنے متعلقہ سرکل کے ڈی ایس پی دفتر سے آن لائن رابطے کے ذریعے مسائل حکام تک پہنچا سکیں گے۔
کھلی کچہری کے شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عوامی شکایات کی شنوائی اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی بہتر ہوگی اور شہریوں کو ریلیف ملے گا۔
اس جیو چینل کے میعار اور پالیسی کے مطابق خبر میں بدل دیں ایک منٹ دورانیہ کی













