اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی نے پولیسنگ، انتظامی امور اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کا جائزہ لیا۔انہوں نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تزئین و آرائش، سکیورٹی انتظامات اور افسران و جوانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی معائنہ۔مزید افسران کو سرکاری گاڑیوں کی بروقت مینٹیننس یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کئے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد پولیس کے مختلف شعبوں کی کارکردگی، انتظامی امور، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد نے افسران کو مختلف امور کے حوالے سے ضروری ٹاسکس تفویض کیے اور ہدایت کی کہ تمام ذمہ داریاں مؤثر حکمتِ عملی، باہمی رابطے اور مربوط لائحہ عمل کے تحت مقررہ وقت میں مکمل کی جائیں۔ انہوں نے پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانے، ادارہ جاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام شعبوں کو مؤثر انداز میں کام کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تزئین و آرائش کے کاموں، داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی انتظامات اور پولیس افسران و جوانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے عمارتوں کی بہتری، سکیورٹی انتظامات اور رہائشی و دیگر سہولیات کا معائنہ کیا اور متعلقہ امور کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔آئی جی اسلام آباد نے سنٹرل پولیس آفس میں اسلام آباد پولیس کی سرکاری گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا اور ان کی فٹنس، تکنیکی حالت اور دیکھ بھال کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری گاڑیوں کی بروقت مینٹیننس یقینی بنائی جائے اور انہیں ہمہ وقت پولیس آپریشنز اور دیگر سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے موزوں حالت میں رکھا جائے، تاکہ فیلڈ میں پولیسنگ کے امور مؤثر انداز میں سرانجام دیے جا سکیں۔آئی جی اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فرض شناسی، محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔آئی جی اسلام آباد نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ استعداد میں بہتری، دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال، نظم و ضبط کا قیام اور افسران و جوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ادارے کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے فرائض ذمہ داری، مستعدی اور باہمی تعاون کے ساتھ ادا کریں اور شہریوں کو مؤثر، بروقت اور بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں


























