راولپنڈی (ٹی این ایس) تھانہ روات پولیس کی بڑی کارروائی: بحریہ ٹاؤن کے فلیٹ میں فحش گانوں اور ڈانس پارٹی پر ریڈ، 7 ملزمان گرفتار، ساؤنڈ سسٹم ضبط

 
0
5

راولپنڈی (ٹی این ایس) تھانہ روات پولیس کی بڑی کارروائی: بحریہ ٹاؤن کے فلیٹ میں فحش گانوں اور ڈانس پارٹی پر ریڈ، 7 ملزمان گرفتار، ساؤنڈ سسٹم ضبط

ایس ایچ او تھانہ روات کی خصوصی ہدایت اور زیرِ نگرانی روات پولیس نے سماجی برائیوں اور امن و امان میں مخل عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن فیز 7 میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ہونے والی ڈانس پارٹی پر چھاپہ مار کر 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران بھاری ساؤنڈ سسٹم قبضہ پولیس میں لے کر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، انچارج چوکی بحریہ سب انسپکٹر عاطف سہیل کی قیادت میں پولیس ٹیم پیٹرولنگ پر موجود تھی کہ شہری کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ بحریہ ٹاؤن فیز 7 کے ایک آپارٹمنٹ میں بلا اجازت اونچی آواز میں ساؤنڈ سسٹم چلا کر فحش گانوں اور ڈانس پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے، جس سے رہائشیوں اور فیملیز کے سکون میں شدید خلل پڑ رہا ہے۔

اطلاع پر فوری ردعمل دیتے ہوئے پولیس ٹیم نے موقع پر چھاپہ مارا، جہاں ساؤنڈ سسٹم پر شور شرابہ اور ناچ گانا جاری تھا۔ پولیس نے موقع سے ڈانس اور شور شرابے میں ملوث ملزمان قاسم ضیاء، سلیمان رضا، سکندر علی، محفوظ حسین، محمد عمران، عامر بشیر اور محمد عمران ولد اللہ بخش کو گرفتار کر لیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ فلیٹ کے مالک اور ریسپشن کیپر نے قانون کے مطابق کرایہ داری کا آن لائن اندراج کروائے بغیر فلیٹ یومیہ کرائے پر دیا ہوا تھا، جس پر فلیٹ مالک اور کیپرز کے خلاف بھی قانونی کارروائی شاملِ تفتیش کر لی گئی ہے۔

پولیس نے پنجاب ساؤنڈ سسٹمز (ریگولیشن) ایکٹ 6ـ2015 اور پنجاب انفارمیشن آف ٹمپریری ریذیڈنٹس ایکٹ 11ـ2016 کے تحت مقدمہ (نمبر 1200) درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ روات کا کہنا ہے کہ شہریوں کے آرام و سکون میں خلل ڈالنے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔