اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی کا جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 4سی سینٹر کا دورہ۔ سکیورٹی مانیٹرنگ اور جدید نظام کی کارکردگی کا جائزہ، شہریوں اور پولیس افسران کے مسائل بھی سنے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (4C) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہر بھر میں سکیورٹی صورتحال کی نگرانی، فیلڈ فورس کی مؤثر مانیٹرنگ، ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی جدید نظام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے آئی جی اسلام آباد کو 4C سینٹر کے مختلف نظاموں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سکیورٹی و مانیٹرنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے شہر بھر میں سکیورٹی کی نگرانی، فیلڈ فورس کی مانیٹرنگ اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو مزید بہتر بنایا جائے۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے سنٹرل پولیس آفس میں تشریف لانے والے شہریوں اور پولیس افسران و جوانوں کے مسائل بھی براہِ راست سنے اور ان کے فوری اور مناسب حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں اور پولیس ملازمین کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستوں پر میرٹ کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال، شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی اور پولیس فورس کے مسائل کا حل اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ تمام افسران دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری تندہی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔













