اسلام آباد (ٹی این ایس) نارنگ منڈی بچوں کی بینائی کے تحفظ اور انہیں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تعبیر فاؤنڈیشن کی جانب سے اہم فلاحی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔ چیئرمین تعبیر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد سرویا کے زیرِ نگرانی موبائل آئی اسکریننگ یونٹ کی افتتاحی تقریب دیوان خاص شادی ہال نارنگ منڈی میں منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر تعبیر فاؤنڈیشن احمد بلال، انچارج ہیلتھ پروجیکٹس ڈاکٹر عتیق احمد، سابق چیئرمین بلدیہ نارنگ منڈی ملک محمد یوسف سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، اساتذہ کرام، میڈیا نمائندگان اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد سرویا نے بتایا کہ ’’کلیئر وژن فار ایوری چائلڈ‘‘ کے تحت نارنگ منڈی کے سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کی مفت آنکھوں کی اسکریننگ اور طبی معائنہ کیا جائے گا، جبکہ نظر کی کمزوری کے شکار بچوں کو مفت عینکیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بچوں میں بینائی کے مسائل کی بروقت تشخیص اور انہیں بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ہے، کیونکہ بصارت کی کمزوری بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں اور مستقبل پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعبیر فاؤنڈیشن اور کائینڈ ہارٹ فاؤنڈیشن ملک کے مختلف علاقوں میں فلاحی و سماجی خدمات انجام دے رہی ہیں، جن میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی، ہنرمند افراد کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی، طلبہ کے لیے اسکالرشپس، مفت آئی کیمپس اور دیگر فلاحی منصوبے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستحق افراد کو سہولیات کی فراہمی اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے ڈاکٹر شاہد سرویا کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنے علاقے کے بچوں کی صحت اور بینائی کے تحفظ کے لیے موبائل آئی اسکریننگ یونٹ کا آغاز قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد سرویا نے اپنے آبائی علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے عملی کردار ادا کرکے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔ مقررین کے مطابق بچوں کی آنکھوں کا بروقت معائنہ اور ضرورت مند بچوں کو مفت عینکوں کی فراہمی ان کے تعلیمی مستقبل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ تقریب میں سابق چیئرمین بلدیہ نارنگ منڈی ملک محمد یوسف، رانا کلیم ارشد، سیٹھ سعید احمد فاروقی، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی میاں امجد علی، حافظ رانا عون الباری، سر نثار احمد گل، سر سلیمان صدیقی، سر شفیق احمد مغل، قاری محمد منشاء، سر ناصر مغل، سر شیخ عامر شفیق، حافظ عبد الوحید مغل، سجاد احمد گل، چوہدری اقبال سرویا، ملک ذوالفقار علی، وائس چیئرمین مارکیٹ کمیٹی تنویر احمد بٹ المعروف پپا بٹ، چوہدری خرم شہزاد سرویا، رانا رضوان یوسف، صدر انجمن تاجران صدر بازار سیٹھ شاہد محمود، چیئرمین سبزی منڈی جاوید احمد بٹ، ملک محمد زید، ڈاکٹر شاہد سرویا کے میٹرک کلاس فیلوز کے گروپ سمیت دیگر معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر شاہد سرویا نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اجتماعی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی اشتراک سے علاقے میں صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں فلاحی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا.













