اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی اسلام آباد نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔پو لیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، آئی جی اسلام آباد.تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس افسران و جوانوں کے لیے جاری تعمیراتی، مرمتی اور اپ گریڈیشن کے منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے بیرکس کی ازسرِنو تعمیر، رہائشی سہولیات کی بہتری اور دیگر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے آئی جی اسلام آباد کو جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال، تکمیل کے مختلف مراحل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی اسلام آباد نے تعمیراتی کاموں کا موقع پر معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام منصوبوں کی مقررہ ٹائم فریم کے اندر تکمیل یقینی بنائی جائے اور تعمیراتی معیار، پائیداری اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے، کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور ہر مرحلے پر معیار کی جانچ کو یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ افسران تعمیراتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کریں اور منصوبوں کی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ کریں تاکہ کسی بھی منصوبے میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کے معیار اور مقررہ مدت کی پابندی میں غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پولیس افسران و جوان محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود، بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی اور سازگار ماحول کی تشکیل اسلام آباد پولیس کی قیادت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ فورس کا مورال بلند رکھنے اور انہیں بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس اپنے افسران و جوانوں کی ویلفیئر، رہائشی سہولیات کی بہتری اور پیشہ ورانہ ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔ اس مقصد کے لیے جاری منصوبوں کی ذاتی طور پر نگرانی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پولیس فورس کو بہتر سہولیات فراہم کرکے ان کی پیشہ ورانہ استعداد اور فرائض کی انجام دہی میں مزید بہتری لائی جا سکے




















