اسلام آباد (ٹی این ایس) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد علی وسیم نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں یونٹ کی مجموعی کارکردگی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں اور سنگین جرائم کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈی آئی جی اسلام آباد نے افسران کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے اہم ٹاسک سونپے اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف مؤثر، مربوط اور ٹارگٹڈ کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ منظم جرائم پیشہ گروہوں کے نیٹ ورکس کو توڑنے، ان کے سہولت کاروں اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ اس مقصد کے لیے دستیاب وسائل اور جدید تفتیشی ذرائع سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے














