اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد، مسئلہ کشمیر اور جنوبی ایشیا کی سلامتی پر عالمی ماہرین کا اہم مباحثہ

 
0
2

اسلام آباد (ٹی این ایس): پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے زیر اہتمام سالانہ اور ممتاز عالمی فورم ’’مارگلہ ڈائیلاگ‘‘ منعقد ہوا، جس میں امریکہ، ترکیہ، چین، جرمنی، اٹلی اور جاپان سمیت مختلف ممالک کی نامور شخصیات، پالیسی ماہرین، دانشوروں اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔

ڈائیلاگ میں عالمی شہرت یافتہ ماہرین جان میئرشیمر، ولی نصر، رابن رافیل اور پروین سوانی سمیت متعدد بین الاقوامی شخصیات نے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔

تقریب کے اہم سیشن ’’بین الاقوامی قانون اور جنوبی ایشیا کی سلامتی کی حرکیات‘‘ (بین الاقوامی قانون & ساؤتھ ایشین سیکیورٹی ڈائنامکس) کی نظامت چیئرمین انٹرنیشنل لا نے کی۔ سیشن میں مسئلہ کشمیر، بھارت کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ پالیسیوں، علاقائی بالادستی کے عزائم اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کے اقدام کا بین الاقوامی قانون کے تناظر میں جائزہ لیا گیا۔

اس اہم مباحثے میں وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سعید، چین کے چارہار انسٹی ٹیوٹ کے سینئر ریسرچ فیلو پروفیسر چینگ ژی ژونگ، ممتاز قانون دان احمد بلال صوفی اور عائشہ صدیق خان نے شرکت کی۔ شرکاء نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام، بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری، مسئلہ کشمیر اور علاقائی تنازعات کے حل میں عالمی قوانین کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مارگلہ ڈائیلاگ کے انعقاد میں ایکسپریس 24/7 نے میڈیا پارٹنر کے طور پر تعاون کیا جبکہ فورم کی کارروائی براہ راست ٹیلی کاسٹ کی گئی۔ تقریب کا اختتام چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی پی آر آئی سفیر انعام الحق کے اختتامی کلمات سے ہوا۔ اس موقع پر صدر آئی پی آر آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) مجید احسن نے شرکاء میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

مارگلہ ڈائیلاگ نے بین الاقوامی امور، سفارت کاری، علاقائی سلامتی اور پالیسی سازی سے متعلق اہم عالمی مباحثے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔