راولپنڈی (ٹی این ایس) سپاہی طالب حسین اعوان شہید فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک، میجر طاہر صادق، ڈی ایس پی خان شبیر، اسسٹنٹ کمشنر محمد تیمور خان سمیت اعلیٰ سول و فوجی افسران اور ہزاروں افراد کی شرکت

 
0
2

راولپنڈی (ٹی این ایس) وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر سپوت سپاہی طالب حسین اعوان شہید کو ان کے آبائی گاؤں پنڈ بہادر خان، تحصیل فتح جنگ، ضلع اٹک میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نمازِ جنازہ میں سابق ضلع ناظم اٹک میجر طاہر صادق، اعلیٰ سول و فوجی افسران، ڈی ایس پی خان شبیر، اسسٹنٹ کمشنر اٹک محمد تیمور خان اور ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے افسران و جوانوں، ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ مال کے نمائندوں اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ ڈی پی او اٹک کیپٹن (ر) علی بن طارق کی نمائندگی ڈی ایس پی خان شبیر نے کی، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر اٹک محمد تیمور خان اور محکمہ مال فتح جنگ کی نمائندگی صدر انجمن پٹواریاں یاسر عرفات خان نے کی۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسدِ خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور فوجی اعزاز کے ساتھ سلامی دی۔ اس موقع پر شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فوجی روایات کے مطابق آخری رسومات ادا کی گئیں۔

سپاہی طالب حسین اعوان شہید نے وطنِ عزیز کی سلامتی اور دفاع کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب اور قومی عزم و حوصلے کی علامت ہیں۔ قوم اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔