او جی ڈی سی ایل نے پی ایس او کیساتھ سالانہ 25 تا 30 ملین لیٹر ہائی سپیڈ دیزل ( ایچ ایس ڈی ) کی فراہمی کا معاہدہ کرلیا

 
0
1139

اسلام آباد،05اکتوبر(ٹی این ایس):  پاکستان کی پبلک سیکٹر میں ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن میں سب سے بڑی قومی کمپنی آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل )نے پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او ) سے اپنی فیلڈز ، پلانٹس اور ڈرلنگ رگز کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سالانہ 25 تا 30 ملین لیٹرہائی سپیڈ دیزل ( ایچ ایس ڈی ) کی فراہمی کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں ۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  او جی ڈی سی ایل کی مینجنگ ڈائریکٹراور چیف ایگزیکٹیو آفیسر زاہد میرنے کہا کہ  پی ایس او کے ساتھ اس معاہدے سے او جی ڈی سی ایل کی تمام فیلڈ لوکیشنز پر ملکی ہائیڈروکاربن کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا اورخام تیل کے درآمدی بل کو کم کرنے میں بھی معاون و مدد گار ثابت ہو گا۔انھوں نےاس ارادے کا بھی   اظہار  کرتے ہوئے کہا ہے  کہ ہم او جی ڈی سی ایل کو ایک حقیقی ای اینڈ پی کمپنی بنانے کے لئے ملکی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ پائیدار اور قابل عمل معاہدے کرنا چاہتے ہیں ۔

 پی ایس او کے مینجنگ ڈائریکٹراور چیف ایگزیکٹیو آفیسر شیخ عمران الحق نے کہا کہ پی ایس او کو پاکستان کی آئکن آرگنائزیشن کے ساتھ یہ معاہدہ دستخط کرنے پر بہت زیادہ فخر ہے ۔ ہمارے اس مشترکہ قومی ایجنڈے اور اہم آہنگی سے پاکستان کی اقتصادی حالت بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ پی ایس او پاکستان ریلوے ،پی آ ئی اے ، ایس ای سی ایم سی، پورٹ قاسم اور اب او جی ڈی سی ایل جیسی مشہور کارپوریشنوں کو معیاری پٹرولیم مصنوعات کی یقینی فراہمی کی ایک لمبی تاریخ رکھتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ یہ معاہدہ بلاشعبہ ہمارے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ہم اپنے قابل قدر صارفین کوسال بھر کے تمام دنوں کے تمام پہروں سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔ پی ایس او صنعتی ترقی کو مزیدترقی دینے کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہتا ہے۔ خاص طور پر ان حالات میں جب ملک میں بحران سی کی کیفیت ہو۔ انھوں نے یاد دلایا  کہ گزشتہ ماہ میں جب اسی قسم کی  صورتحال پیدا ہو گئی تھی، تو پی ایس او نے ایندھن کی قومی طلب و رسد کی ضروریات کو پورا کرنے کی ایک بہترین کوشش کی ۔