امریکی سیکرٹری دفاع کا حالیہ بیان سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے ٗ پیپلز پارٹی نے سینٹ میں تحریک سیکرٹریٹ میں تحریک التواء جمع کرادی

 
0
364

اسلام آباد اکتوبر 9(ٹی این ایس)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے امریکی سیکریٹری دفاع جنرل جیمز میٹس کے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے سے متعلق حالیہ بیان پر سینیٹ سیکریٹریٹ میں تحریک التواء جمع کرادی۔سینیٹر سحر کامران کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التواء میں موقف اختیار کیا گیا کہ امریکی سیکرٹری دفاع نے حال ہی میں سی پیک کے متنازع علاقے سے گزرنے سے متعلق بیان دیا ٗ جو دراصل سی پیک کو سبوتاڑ کرنے کی ایک کوشش ہے۔

تحریک التواء میں جنرل جیمز میٹس کے بیان کو ملکی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے سینیٹ کی کارروائی معطل کرکے اس معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی سیکرٹری دفاع جیمز میٹس نے کہا تھا کہ امریکا ’ون بیلٹ ون روڈ‘ کی مخالفت کرتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں کئی سڑکیں اور گزرگاہیں موجود ہیں تاہم کسی بھی قوم کو ون بیلٹ ون روڈ پر اپنی من مانی نہیں کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے اس منصوبے کی مخالفت کی وجہ یہ بھی ہے کہ پاکستان سے گزرنے والے اس منصوبے کا ایک حصہ متنازع علاقے سے ہوکر گزرے گا تاہم پاکستان نے پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے پر امریکی اعتراضات کو مسترد کردیا تھادوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے بھی پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر امریکا کی جانب سے متنازع علاقے سے گزرنے کے حوالے سے کی گئی تنقید کو مسترد کردیا تھا۔