ٹرمپ صدارت کے عہدے کو کسی ”ریئلیٹی شو“ کی طرح استعمال کر رہے ہیں ،سینیٹر باب کروکر

 
0
340

واشنگٹن ،اکتو بر10(ٹی این ایس): امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب کروکر نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکا کو تیسری جنگ عظیم کے راستے پر ڈال دیا ہے۔ رپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر باب کروکر کا کہنا ہے کہ ٹرمپ صدارت کے عہدے کو کسی ”ریئلیٹی شو“ کی طرح استعمال کر رہے ہیں۔موجودہ صدر کی اپنی ہی پارٹی کی جانب سے ایسا بیان خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ ایک انٹرویو میں باب کروکر نے کہا کہ انہیں صدر کے رویے پر تشویش ہے۔

میرے خیال میں ڈونلڈ ٹرمپ کو اندازہ ہی نہیں کہ جب امریکی صدر کچھ کہتا یا کچھ کرتا ہے تو اس کے اثرات پوری دنیا پر دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر جس طرح جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کو للکارتے ہیں وہ امریکہ کو تیسری جنگ عظیم کی جانب دھکیل سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات ان کی سمجھ سے باہر ہے کہ صدر ٹرمپ ایسی باتیں ٹویٹ کیوں کرتے ہیں جو سچ نہیں۔ میں جانتا ہوں کہ ہر روز وائٹ ہاﺅس میں صدر ٹرمپ کو کس طرح ایسی باتوں سے روکنا پڑتا ہے۔

صدر ٹرمپ اور باب کروکر کے درمیان یہ تلخ کلامی اس وقت شروع ہوئی جب صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ مسٹر باب کروکر چاہتے ہیں کہ صدر دوبارہ الیکشن کے لیے ان کی حمایت کریں اور انہوں نے انکار کر دیا۔باب کروکر نے صدر کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ وائٹ ہاﺅس ایک ڈے کیئر نرسری بن گیا ہے جہاں ٹرمپ کو ایسی باتوں سے روکا جاتا ہے لگتا ہے آج کوئی شفٹ پر نہیں ہے ۔