بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں کیڑے مار ادویات کے چھڑکاﺅ کے دوران زیریلی گیس سے 25سے زائدکسان ہلاک، سینکڑوں ہسپتال منتقل

 
0
663

نئی دہلی ،اکتو بر10(ٹی این ایس): بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں کیڑے مار ادویات کے چھڑکاﺅ کے دوران زیریلی گیس سے 25سے زائدکسان ہلاک ہوگئے ہیں اور سینکڑوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ریاست مہاراشٹرا بھارت کا زرعی علاقہ ہے جہاں فصلوں میں کیڑے مار ادویات کے چھڑکاﺅ کے دوران حفاظتی اقدامات نہ کرنے کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔ریاستی حکومت کے ترجمان کشور تیواڑی نے بتایا کہ اب تک 25 کسان ہلاک ہوئے ہیں اور سینکڑوں کسانوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں سے 50 کی حالت تشویش ناک ہے ۔

ذرائع کے مطابق پہلی ہلاکت اگست میں ہوئی تھی اور ستمبر میں اس میں مزید اضافہ ہوگیا ۔انسانی حقوق کے کارکن قوانین کی عدم موجودگی اور حفاظتی اقدامات نہ کرنے کے حوالے سے ان ہلاکتوں کی ذمہ داری حکومت پر ڈال رہے ہیں۔کشور تیواڑی نے بتایا کہ متاثرہ افراد نے حفاظتی جوتے، ماسک اور گلوز نہیں پہنے ہوئے تھے جس کے بعد انھوں سردرد اور آنکھوں میں درد کی شکایت ہوئی۔بھارتی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک متاثرہ کسان نے بتایا کہ اس کے پاس حفاظتی چیزیں خریدنے کے لیے پیسہ نہیں ہے جس کے باعث وہ بغیر حفاظتی اقدامات کے کیڑے مار ادویات کا چھڑکاو کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ممبئی ہائی کورٹ نے مہاراشٹرا کی حکومت پر متاثرہ علاقوں کو کیڑے مار ادویات بیچنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ایس پی پولیس ایم راج کمار نے بتایا کہ کسانوں کی جانب سے کیڑے مار ادویات بیچنے والے مقامی ایگریکلچر سینٹر کے خلاف کئی شکایات درج کرادی ہیں۔بھارت میں 26 کروڑ کے قریب کسان نہایت کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔حکام کے مطابق کسانوں کا ذریعہ معاش خشک سالی کے باعث مسلسل تباہ ہورہا ہے اور 2016 میں مہاراشٹرا میں ایک ہزار 417 کسانوں نے خود کشی کی تھی۔