حکومت توانائی کی ضرورت کو پورا کر نے اور استعداد کار میں اضافے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے ٗوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

 
0
925

اسلام آباد اکتوبر 24 (ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضرورت کو پورا کر نے اور استعداد کار میں اضافے کے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ وہ منگل کو بجلی کی پیداوار کی صنعت میں ممتاز بین الاقوامی کمپنی ’’انسالدو انرجیہ‘‘ کے چیئرمین گیوسیپی زمپینی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے منگل کو یہاں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ گیوسیپی زمپینی نے پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش اور آبی وسائل مینجمنٹ کے شعبوں میں اپنی کمپنی کی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی کمپنی جس کی سرگرمیاں دنیا بھر میں پھیلی ہوئی ہیں ، بجلی کے چھوٹے منصوبوں بالخصوص کم بی ٹی یو گیس پر مبنی منصوبوں کے قیام کیلئے ایک ترجیحی مارکیٹ کے طور پر پاکستان کے بارے میں سرگرمی سے غور کررہی ہے۔ کمپنی کی پاکستان میں طویل تجارتی موجودگی پائی جاتی ہے جبکہ پاکستان کی توانائی کے شعبے میں پیش کردہ مواقع نہایت وسیع تر ہیں۔ وزیراعظم نے انسالدو انرجیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پاکستان کی حکومت استعداد کار بڑھانے کے ایک بڑے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ گرڈ سٹیشنز کے قریب چھوٹے منصوبہ جات پر غور کیا جارہا ہے تاکہ ٹرانسمیشن چیلنجز پر قابو پایاجاسکے۔ حکومت فرنس آئل پر مبنی کم استعداد پلانٹس کو سستے ایندھن پر مبنی اعلیٰ استعداد کے پلانٹس سے تبدیل کرنے پر بھی غور کررہی ہے جس سے انسالدو انرجیہ جیسی کمپنیوں کیلئے نئے منصوبوں میں وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ چیئرمین گیوسیپی زمپینی نے وزیر اعظم کی طرف سے نشاندہی کردہ شراکت داری کے شعبوں میں دلچسپی ظاہر کی اور بتایا کہ ان کی کمپنی دلچسپی کے حامل پارٹنرز کے ساتھ قریبی رابطے اور مشاورت کرے گی۔