پاکستان نے امریکا کی جانب سے بھارت کو مسلح ڈرون فراہم کرنے کی مخالفت کر دی

 
0
369

اسلام آباد اکتوبر 27(ٹی این ایس) پاکستان نے امریکا کی جانب سے بھارت کو مسلح ڈرون فراہم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کو مسلح ڈرون کی فراہمی سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑیگا ٗ عالمی طاقتوں کوایسے معاہدوں سے قبل ذمے داری کا احساس کرنا چاہیے ٗ امریکی وزیر خارجہ کو انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا ہے ٗ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں پر تشدد کررہا ہے ٗ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جار ی رکھے گا ٗبھارتی نائب صدر کے بیان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی وزیرخارجہ کو انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہا جبکہ دورے میں پاک امریکا تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔نفیس ذکریا نے مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایل اوسی اورمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو امریکی وزیر خارجہ کے سامنے اجاگر کیا گیا، دنیا بھرمیں کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں پر تشدد کررہا ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے امریکا کی جانب سے بھارت کو ڈرون فراہم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو مسلح ڈرون کی فراہمی سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑیگا ٗ عالمی طاقتوں کوایسے معاہدوں سے قبل ذمے داری کا احساس کرنا چاہیے۔بھارتی نائب صدرکے دہشت گردی کے معاون ممالک کواقوام متحدہ سے نکالنے کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی نائب صدر کے بیان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، بھارت دہشت گردوں کا معاون ملک ہے، امریکی وزیرخارجہ سے ملک میں دہشت گردی میں بھارتی معاونت کا معاملہ اٹھایا ہے۔