سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام بین الاقوامی ابلاغیات بارے دو روزہ ورکشاپ 30 اکتوبر سے شروع

 
0
337

 

 

لاہور،اکتو بر27(ٹی این ایس) : جنوبی ایشیائی ممالک میں تعاون کی علاقا ئی تنظیم سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام بین الاقوامی ابلاغیات بارے دو روزہ ورکشاپ 30 اکتوبر سے شروع ہوگی جس کا موضوع ’’سارک چیمبر کی بیرونی ابلاغیات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کا میکنزم اور حکمت عملی‘‘ہوگا۔ یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین اور سارک چیمبر (پاکستان چیٹر)کے نائب صدر افتخار علی ملک نے صحافیوں کو لاہور میں منعقد ہونے والی ورکشاپ کے حوالے سے بتایا کہ اس ورکشاپ میں 18 غیر ملکی وفود شرکت کریں گے جن کا تعلق بھارت، سری لنکا، نیپال، بھوٹان، مالدیپ ، بنگلہ دیش، افغانستان اور پاکستان سے ہے ۔

ورکشاپ میں ماہرین سارک کے تمام رکن ممالک کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے کار آمد اور موثر ترین حکمت عملی کی تشکیل بارے میں اپنی اپنی مہارتوں اور صلاحیتوں کے بارے میں آگاہی دیں گے۔انہوں نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ شرکاء کامیاب ترین ابلاغ اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کمیونیکیشن بارے کوششوں سے مستفید ہونے کی حکمت عملی کے بارے میں بنیادی قواعد پر اظہار خیال کرینگ اور علاقائی تنظیم کی کامیابی کیلئے قومی تجارتی فیڈریشنز کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شرکاء سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی بنیادی حکمت عملی کا ابلاغی مواد اور پیغام بھی وضع کریں گے اور متعلقہ سامعین و ناظرین کی نشاندہی کریںگے تاکہ اہداف موثر طور پر حاصل کیے جاسکیں اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے پروگرام کے بارے میں شروعات اور بیرونی ابلاغ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کے طریقے اور ذرائع بھی وضع کیے جائیں گے اور ہر ممکنہ طریقوں سے ملکی اور علاقائی سطح پر ابلاغیات کے ذرائع اور طریقے بھی وضح کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام شرکاء آخری روز پاکستانی صحافیوں کے ساتھ میڈیا کانفرنس کیلئے بنیادی مرکزی خیال اور اغراض ومقاصد کا ایجنڈا اپنائیں گے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ اس ورکشاپ کے انعقاد میں بنیادی فلسفہ یہ کار فرما ہے کہ رکن ممالک میں تجارت کے فروغ میں سارک چیمبر آف کامرس اینڈسٹریز کس طرح کردار ادا کرسکتا ہے اور جنوبی ایشیاء میں اقتصادی استحکام کس طرح لایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورکشاپ میں پاکستان کی نمائندگی پنجاب یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ برائے کمیونیکیشن سٹڈیز کے سینئر فیکلٹی رکن ڈٖاکٹر وقار چوہدری کریں گے اور وہ اس موقع پر اپنا تحقیقی مقالہ بھی پیش کریں گے۔ ورکشاپ ماڈریٹر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ اینڈسٹریز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر حنا سعید اور نئی دہلی کے ایف این ایف کے علاقائی ڈائریکٹر رونلڈ مینا ردوس ہوں گے۔فرڈائی فرائی گیٹی کے اشتراک سے ہونے والی یہ ورکشاپ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوگی۔ سارک چیمبر کے سیکرٹری جنرل ذوالفقار علی بٹ اور فاطمہ انور تمام مقامی اور غیر ملکی شرکاء کی رابطہ کار ہوں گی۔