الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ کے تمام ذرائع اور تفصیلات جمع کرادی ہیں ٗنعیم الحق

 
0
514

اسلام آباد اکتوبر 30(ٹی این ایس) تحریک انصاف نے دیگر سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کے مطالبے پر مبنی خط الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا جبکہ نعیم الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ کے تمام ذرائع اور تفصیلات جمع کرادی ہیں۔ پیر کو تحریک انصاف کے سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق نے الیکشن کمیشن میں خط جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے2010 سے 2017 تک کی فنڈنگ کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کرادی اور فنڈنگ کے تمام ذرائع بھی بتادیئے ہی۔ذرائع کے مطابق خط میں دیگر جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی اسکروٹنی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ بدقسمتی سے پی ٹی آئی کے علاوہ کسی بھی جماعت سے فنڈنگ کی تفصیلات نہیں مانگی گئیں ٗالیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو ایک نظر سے دیکھے، پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر جماعتوں کے بھی فنڈز کی تفصیل مانگی جائے۔خط میں کہا گیا کہ ضروری ہے آئندہ انتخابات سے پہلے سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات عوام کومعلوم ہوں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں اپنے تمام فارن فنڈنگ کے ذرائع اور 700 صفحات پر مشتمل دستاویزات جمع کرادیں ٗالیکشن کمیشن کے تمام سوالات کا جواب دے چکے ہیں۔نعیم الحق نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں درخواست دی ہے کہ جن بڑی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفتیش نہیں ہوئی ان کی بھی تفتیش کی جائے ٗہم نے الیکشن کمیشن کو تفصیلات بھی فراہم کی ہیں جس میں حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارتی کے اکاؤنٹس جو کمیشن کو دیئے گئے ان کے اپنے اکاؤنٹنٹ نے آڈٹ کرتے وقت شدید اعتراضات کیے ہیں ٗکروڑوں روپے کا پتا ہی نہیں چل رہا کہ وہ کہاں جارہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کے مطابق کمیشن سے درخواست کی ہے کہ دوسری جماعتوں کے اکاؤنٹس کی بھی تفصیلات کا پتا لگایا جائے ٗیہ تاثر جارہا ہے کہ صرف پی ٹی آئی کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور اس کے اکاؤنٹ چیک کیے جارہے ہیں ٗعمران خان نے کہا تھا کہ کمیشن کی ساکھ کو نقصان نہ ہونے پائے تاکہ آئندہ انتخابات کے شفاف ہونے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن انصاف کرتا نظر آئے ٗ تمام جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفتیش کریں جو چیزیں معلوم ہوتی ہیں وہ قوم کے سامنے لائی جائیں۔نعیم الحق نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلزپارتی کوشش کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف کوئی نہ کوئی فیصلہ آجائے لیکن یقین دلاتا ہوں کہ پی ٹی آئی نے کچھ نہیں چھپایا، سب اکاؤنٹس عوام کے سامنے ہیں۔ان کا کہنا تھا افسوس ہے کہ آصف زرداری اور نوازشریف کے ہاتھ تیس تیس سالہ کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں اور ان کی جماعتوں کے اکاؤنٹس میں بھی بے شمار چیزیں نظر آرہی ہیں جو نہ صرف قابل اعتراض ہیں بلکہ قانون کے تحت ان پر تحقیقات بھی ہونی چاہیے۔