پارلیمانی رہنماؤں کا قومی اسمبلی کی 272 نشستیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

 
0
349

اسلام آباد اکتوبر 31(ٹی این ایس): پارلیمانی رہنماؤں نے قومی اسمبلی کی 272 نشستیں برقراررکھنے کا فیصلہ کرلیا۔اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نے کہا کہ حلقہ بندیوں میں توسیع آبادی کی بنیاد پرکی جائے گی،جمعرات کے سیشن میں بل پاس کرنے پرتمام جماعتوں کا اتفاق ہے،حلقہ بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن کوزیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ مردم شماری کے باعث قومی اسمبلی کی 272 نشستیں ہی برقراررکھی جائیں گی۔

جبکہ نئی حلقہ بندیوں میں نشستیں نہیں بڑھائیں گے۔ بلکہ نئی حلقہ بندیوں میں مردم شماری کے مطابق ردوبدل ہوگا۔ حلقہ بندیوں میں توسیع آبادی کی بنیادپرکی جائے گی۔ایازصادق نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کا فیصلہ کل تک کرلیا جائے گا۔حلقہ بندیوں کابل اسی اجلاس میں منظورکروایا جائے گا۔ جمعرات کے سیشن میں بل پاس کرنے پرتمام جماعتوں کا اتفاق ہے۔انہوں نے کہاکہ حلقہ بندیوں سے متعلق تمام جماعتوں سے مشاورت جاری ہے۔حلقہ بندیوں کی تبدیلی صرف قومی اسمبلی میں ہوگی صوبائی اسمبلیوں میں تبدیلی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ حلقہ بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن کوزیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔