بابا گرو نانک کے 549ویں جنم دن کی تقریبات ،شرکت کے لئے 3 ہزار سکھ یاتری واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گئے

 
0
658

اسلام آباد ،نو مبر 02(ٹی این ایس): سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے 549ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے 3 ہزار کے قریب سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گئے، سکھ یاتری ننکانہ صاحب میں گردوارہ جنم استھان میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شامل ہوں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے جنم دن کی تقریبات کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

سکھ یاتریوں کو دوران قیام تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔انہیں سکیورٹی کی فراہمی کے علاوہ خوراک و دیگر سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ سکھ یاتریوں نے اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یاتریوں کے لئے پاکستان کی جانب سے انتظامات میں دن بدن بہتری آرہی ہے جس پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے یاتریوں کے لئے بہترین انتظامات پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے کردار کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ بابا گرو نانک کے 549 ویں جنم دن کی تقریبات کے لئے گردوارہ جنم استھان کی تزئین و آرائش کاکام مکمل ہو گیا ہے ۔ یاتریوں کے لئے بہترین رہائشی انتظامات کئے گئے ہیں جہاںپر 24گھنٹے بجلی کی فراہمی کی سہولت موجود ہے۔