سینیٹ انتخابات سے متعلق سراج الحق کی بات معنی خیز ہے،سابق وزیراعظم

 
0
416

اسلام آباد اپریل 23(ٹی این ایس) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی بات معنی خیز ہے۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ‘سراج الحق کہتے ہیں کہ اوپر سے حکم آیا تھا، اس پر سینیٹ میں ووٹ دیئے گئے، جو معنی خیز ہے’۔یاد رہے کہ گذشتہ روز مردان میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ عام انتخابات بھی سینیٹ کی طرح ہوئے تو یہ ایک فضول ایکسر سائز ہوگی۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ووٹ بکنے پر ایک پارٹی لیڈر کی طرف سے اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، لہذا اس کارروائی کے بعد الیکشن کمیشن سینیٹرز سے بیان حلفی لیں۔صحافیوں سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اپنے ارکان اسمبلی کی سرزنش کر رہے ہیں، وہ خود اپنی سرزنش بھی کریں کہ کس کےکہنے پر سینیٹ میں ووٹ دیئے’۔سابق وزیراعظم نے سوال کیا، ‘کیا عمران خان قوم کو بتائیں گے کہ انہوں نے تیر کو ووٹ نہیں دیا؟’ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ لوگ تبدیلی لائیں گے؟جو بے اصولی کی سیاست کر رہے ہیں’۔نواز شریف نے مزید کہا کہ ‘کیا عمران خان چوہدری سرور سے متعلق بھی قوم کو جواب دیں گے کہ انہیں ووٹ کیسے ملے؟’سابق وزیراعظم نے کہا کہ ‘اس سارے عمل میں صرف (ن) لیگ اور اتحادیوں نے شفاف طریقے سے ووٹ دیا’۔

نواز شریف نے کہا کہ ‘ہم نے ملک میں دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی، لیکن ترقی کا یہ صلہ دیا گیا کہ نیب کیسز بنا دیئے گئے’۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ‘موجودہ پارلیمنٹ میں کوئی دم خم نہیں، انشاء الله اگلی پارلیمنٹ میں فیصلے ہوں گے’۔اہلیہ کلثوم نواز کے حوالے سے سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت پہلے سے بہترہے، قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے۔