چینی باشندے کے پاکستانی شناختی کارڈ کا معاملہ،وزیر داخلہ احسن اقبال کا موقف سامنے آ گیا

 
0
2207

اسلام آباد نومبر 4(ٹی این ایس): چینی باشندے کے پاکستانی کارڈ کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک صارف نے اپنے پیغام میں چینی باشندے کے پاکستانی شناختی کارڈ کی تصویر اپ لوڈ کی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ اس چینی باشندے کا پاکستانی شناختی کارڈ ہے۔جس پر اس کا نام ، والد کا نام ، جنس اور شناختی کارڈ نمبر لکھا گیا ہے ۔

تاہم اس معاملے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کئی سوالات اُٹھائے جانے کے بعد اب وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے۔ ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ اگر یہ سچ ہے تو یوں معلوم ہوتا ہے کہ یہ سی پیک کے اثرات ہیں جس پر احسن اقبال نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اس صارف کو جواب دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ چینی باشندے کے والدین کو 1989ء میں پاکستانی شہریت حاصل ہوئی تھی۔اور یہ سب سی پیک کے جنم لینے سے کئی دہائیوں پہلے کی بات ہے۔