نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت پہنچ گئے

 
0
414

 

اسلام آباد،نو مبر07(ٹی این ایس) : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تین نیب ریفرنسز کو یکجا کر کے ایک فرد جرم عائد کرنے کی درخواست پر سماعت، سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر احتساب عدالت پہنچ گئے۔ مریم اورنگزیب، طلال چوہدری، پرویز رشید سمیت دیگر لیگی رہنما بھی احتساب عدالت میں موجود ہیں۔خیال رہے گزشتہ سماعت پر جج احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، درخواستوں پر دلائل نہیں سن سکتے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔آج کی کارروائی کے دوران صرف نواز شریف کی جانب سے تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کا امکان ہے۔دوسری جانب گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلبی کے سمن بھی معطل کیے جا چکے ہیں۔نیب ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر احتساب عدالت پہنچ گئے جب کہ نیب کی 9 رکنی ٹیم بھی عدالت میں موجود ہے۔ خیال رہے کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی درخواست پر تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق دوبارہ سماعت کرنے کا حکم دیا تھا۔