کم جونگ چھوٹے اور موٹے ہیں لیکن دوستی کرنا چاہتا ہوں، ٹرمپ

 
0
398

واشنگٹن نومبر 12(ٹی این ایس)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ کی جانب سے انھیں ’بوڑھا‘ کہنے کہ جواب میں کہا ہے کہ انھوں نے تو کبھی کم جونگ کو ’پست قد اور موٹا‘ نہیں کہا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ جو ان دنوں اشیا کے دورے پر ویتنام میں ہیں نے کہا کہ انھوں نے کِم جونگ اْن سے دوستی کرنے کی بہت کوشش کی اور شاید یہ کسی روز ہو بھی جائے لیکن ایسا کب ہو گا اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ کتنا ہی اچھا ہو گا اگر وہ اور کِم جونگ ان دوست بن جاتے ہیں۔جہاں ایک طرف صدر ٹرمپ نے کِم جونگ اْن سے دوستی کرنے کی خواہش ظاہر کی وہیں ٹویٹر پر اپنی ناراضی کا اظہار بھی کیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی ’کم جونگ اْن مجھے بوڑھا کہہ کر کیوں با بار بے عزت کر رپے ہیں۔ میں نے انھیں کبھی پست قد اور موٹا نہیں کہا۔ میں نے اْن کا دوست بننے کی بہت کوشش کی ہے، ہو سکتا ہے کسی دن یہ ہو بھی جائے۔ویتنام میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ خطے میں تنازعات کو حل کروانے کے لیے ثالث کا کردار ادا کرنے پر تیار ہیں۔انھوں نے کہامیں بہت اچھا ثالت ہوں۔شمالی کوریا کے رہنما سے دوستی کے بارے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو یہ شمالی کوریا کے لیے بہت اچھا ہو گا تاہم اس سے دوسرے ممالک اور دنیا کو بھی فائدہ ہو گا۔