اسلام آباد دھرنا ٗپولیس نے 8 افراد کو گرفتار کرلیا ٗمقدمہ درج

 
0
1615

اسلام آباد نومبر 15(ٹی این ایس)اسلام آباد میں دھرنے میں شریک مذہبی جماعتوں تحریک لبیک یارسول اللہ اور سنی تحریک کے کارکنان اور پولیس کے مابین معمولی جھڑپ کے بعد پولیس نے شرکا کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے فیض آباد انٹرچینج سے 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری آئی جی پی روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس پر پہنچی تو دھرنے میں آپریشن کے اعلانات کرتے ہوئے تمام شرکا کو تیاری کی ہدایت کی گئی۔

پولیس کا ایک دستہ جب فیض آباد اڈے کے قریب پہنچا تو دھرنے میں شریک ڈنڈا بردار چند افراد نے پولیس پر پتھر پھینکے جس کے نتیجے میں چند پولیس اہلکاروں کو ہاتھ اور بازو پر معمولی چوٹیں آئیں جس پر پولیس نے آگے بڑھ کر دھرنے کے شرکا کے 8 افراد کو گرفتار کرکے تھانہ آئی نائن منتقل کردیا۔پولیس کی جانب سے گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس کی تصدیق ایس پی لیاقت نیازی نے کردی۔

دوسری جانب دھرنے کے شرکا نے ممکنہ پولیس آپریشن سے بچنے کے لیے مخصوص گلاسز اور ماسک پہن لیے اور جوابی کاروائی کیلئے ڈنڈا بردار اور غلیل سے نشانہ بنانے کے لیے شرکا کو تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق انھیں حکم ملا کہ دھرنے کے شرکا ء کے گرد گھیرا تنگ کرکے ان کیلئے لایا جانے والا کھانے پینے کا سامان روک لیا جائے اور جو دھرنے کی جگہ سے واپس جارہے ہوں ان کو گرفتار کیا جائے۔