عمران فاروق قتل کیس ، 3 ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

 
0
371

اسلام آباد ،نو مبر16(ٹی این ایس): اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کے 3 ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے ایف آئی اے کو 3 ملزمان کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطے کی ہدایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں نامزد ملزمان افتخار حسین، محمد انور اور کامران کاشف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں جو ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کو موصول ہوگئے ہیں جس میں ایف آئی اے کو ایک ہفتے میں انٹر پول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایف آئی اے نے انٹر پول سے ریڈ وارنٹ کے اجرا کے لیے ضروری دستاویزات بھی مکمل کرلی ہیں، ایف آئی اے ایک ہفتے کے دوران ملزمان کی حوالگی کے لیے انٹر پول سے رابطہ کرے گی۔ تین ملزمان میں سے کاشف کامران کے وفات پانے کی اطلاعات ہیں لیکن موت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ ایم کیوایم کے سابق رہنما عمران فاروق کو 2010 میں لندن میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا جس کے بعد سے لندن پولیس بھی ان کے قتل کی تحقیقات میں مصروف ہے لیکن کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔