سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی

 
0
389

اسلام آباد نومبر 16(ٹی این ایس)سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ جمعرات کو جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عاصم پہلے بھی علاج کروا کر واپس آگئے تھے اور وطن واپسی پر دوباہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔درخواست میں استدعا کی کہ علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔دوران سماعت جسٹس فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ وفاق تمام ملزمان کے ساتھ یکساں سلوک کیوں نہیں کرتا اور قانون کا معیار سب کے لئے یکساں کیوں نہیں ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سنگین غداری سمیت کئی مقدمات کے ملزمان باہر بیٹھے ہیں، کیا بیرون ملک ملزمان کی واپسی کے لئے اقدامات کئے گئے۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرلی۔