سانحہ تربت ،وزیر داخلہ کاتحقیقات کرنے کا حکم،ایف آئی اے نے ایجنٹوں کیخلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا

 
0
6828

وزیر آباد نومبر 16(ٹی این ایس) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے )کو سانحہ تربت کے تناظر میں تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں، ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے پہلے سے دستیاب ریکارڈ کوسامنے رکھتے ہوئے وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے کارروائیاں کر کے گرفتاریاں بھی کی ہیں۔ بتایا گیاہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایف آئی اے کو بلوچستان میں پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے تحقیقات کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو بیرون ممالک بھجوانے کا جھانسہ دے کر موت کے منہ میں دھکیلنے والے ایجنٹوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس کی رپورٹ پیش کی جائے ۔

مزید بتایاگیا ہے کہ ایف آئی اے نے انسانی سمگلرز کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر کے اس حوالے سے پہلے سے موجود ریکارڈکو سامنے رکھتے ہوئے کارروائیوں کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ایران کے راستے غیرقانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں مارے جانے والے افراد کے اہل خانہ سے ایجنٹوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کر لی ہیں او را ن کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں کئی گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ایجنٹوں کے بیرون ممالک فرار کو ناکام بنانے کیلئے بھی متعلقہ اداروں سے رابطے کر لئے ہیں اور بھرپور نگرانی کی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق انسانی سمگلرز سرحدی راستوں سے دوسرے ملک میں داخل ہونے کے تمام راستوں سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں جبکہ ان کے آگے بھی روابط ہوتے ہیں اس لئے ان کے بیرون ممالک فرار کو روکنا آسان کام نہیں لیکن ایف آئی نے اسے چیلنج کے طور پر لیا ہے اور وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیاگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تربت میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس روپوش ہو گئے ہیں ۔ایف آئی اے نے ضلع منڈی بہاؤ الدین کے علاقہ پھالیہ میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر کو گرفتار کرلیا جسے تفتیش کے لئے گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ۔جبکہ سمبڑیال اور وزیرآباد سے بھی دو انسانی سمگلرتنویر اور ظفراقبال کو گرفتار کیاگیا ۔

بتایا گیا ہے کہ تربت میں جاں بحق ہونے والے غلام ربانی ،غفور احمد اور زعفران کو ان ملزموں نے بھجوایا تھا ۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے مستقبل میں ایجنٹوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے خاص طور پر دیہاتوں میں متحرک ہونے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے کیونکہ ایجنٹوں کے شکنجے میں آنے والے زیادہ تر سادہ لوح دیہاتی ہوتے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے پاس پہلے سے موجود فہرستوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ نئی فہرستیں بھی مرتب کی جائیں گی ۔یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع تربت سے 30کلو میٹر دور بلیدہ کے پہاڑی علاقے سے 15افراد کی لاشیں ملی تھیں جن کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔قتل کیے جانے والے افراد غیر قانونی طور پر یہاں سے ایران کے راستے یورپی ممالک جانے کی کوشش کرتے ہیں ۔