پارٹی سے کسی نے نہیں نکالا اور مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں میرا نام خود ایک عہدہ ہے،ڈاکٹر عاصم

 
0
331

کراچی،نومبر18(ٹی این ایس): پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمااور سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے اس بات کی تردید کی ہے کہ انھوں نے تحریری طور پر پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیا ہے ۔ہفتہ کواحتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیاسے گفتگو میں ڈاکٹرعاصم نے کہاکہ پارٹی سے کسی نے نہیں نکالا اور مجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں میرا نام خود ایک عہدہ ہے۔ میں علاج کی غرض سے6ہفتوں کے لئے ملک سے باہرجارہا ہوں، اس لئے پارٹی کا عہدہ چھوڑا، آصف زرداری میرے بچپن کے دوست ہیں ان کے لئے ہمیشہ کھڑا رہوں گا، وہ مجھے جو ہدایت دیں اس پرعمل کروں گا۔

صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ آپ فاروق ستارسے ملاقات کے بعد کافی دباؤ میں تھے، کیا اس لئے استعفیٰ دیا، اطلاعات یہ ہیں کہ آپ کو پیپلزپارٹی سے نکال دیا گیا ہے، جس پر ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ مجھے کسی نے نہیں نکالا، میری 3 نسلوں نے کراچی کی خدمت کی اورچاہتا ہوں یہ خدمت برقرار رہے، کراچی میں صحت و تعلیم کی ضرورت بہت زیادہ ہے، کراچی والے میرے ساتھ کھڑا رہنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، میری تائید کرتے ہیں اورمجھے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں الیکشن ہونے والے ہیں، آج سیاست کی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا پر خبریں چلی تھیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین نے پارٹی عہدے پرکام کرنے سے معذرت کرلی ہے۔ڈاکٹر عاصم نے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے رابطہ کرکے کہا کہ بیرون ملک سرجری کی وجہ سے عہدے پرکام جاری نہیں رکھ سکتا لیکن پارٹی میں کارکن کے طور پر کام کرتا رہوں گا۔ڈاکٹر عاصم حسین پی پی کے سابق دور حکومت میں مشیر پیٹرولیم رہ چکے ہیں، انہیں رینجرز نے دہشت گردوں کے علاج و معالجے کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔