دھرنے والے سوشل میڈیا کے زریعے پروپیگنڈا کرکے عوام کے جذبات کو بھڑکا رہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال

 
0
448

اسلام آباد نومبر 19(ٹی این ایس) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دھرنے والے سوشل میڈیا کے زریعے پروپیگنڈا کرکے عوام کے جذبات کو بھڑکا رہے ہیں، اسلام آباد میں بیٹھے دھرنا مظاہرین کے خلاف آپریشن کسی بھی وقت ہوسکتا ہے لیکن یہ آخری آپشن ہوگا،تم نبوت کے معاملے پر کوئی مسلمان اور حکومت سمجھوتا نہیں، پاکستان میں ختم نبوت کی محافظ پارلیمنٹ اور عوام ہیں، اس معاملے پر قوم میں کوئی جھگڑا نہیں، پاکستان میں ختم نبوتؐ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ، پاکستان کی کوئی بھی حکومت ختم نبوت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی ۔اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے نیوز کانفرنس کی۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ مذاکرات کے مختلف دورے ہوئے ہیں حکومت پنجاب نے بھی مذاکرات کئے ہیں پاکستان میں ختم نبوتؐ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔

ہم بھی ختم نبوت کے حوالے سے اتنے غیرت مند ہیں جتنے دوسرے ہیں یا دھرنے والے ہیں ہم نے ہر سطح پر مسلسل مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا۔

پاکستان کی موجودہ یا کوئی بھی حکومت ختم نبوت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ختم نبوت کی محافظ پارلیمنٹ اور عوام ہیں۔ ختم نبوت سے متعلق قانون جنرل مشرف کے دور میں صرف دس دن تک رہا اور فوت ہوگیا تھا اب اس قانون کو حکومت نے قیامت تک زندہ کردیا ہے۔ یہ مسئلہ اب ہمیشہ کیلئے طے ہوگیا ہے جو شخص نبی کریمؐ کو آخری نبی نہیں مانتا وہ کسی بھی طرح سے مسلمان کہلانے کا حق دار نہیں ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دھرنے والے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ یہ لوگوں کے جذبات بھڑکا رہے ہیں ختم نبوت کے حوالے سے کوئی نرمی کی گئی ہے ختم نبوت کے حوالے سے قانون مزید سخت ہوگیا ہے۔ ختم نبوت کے حوالے سے عوام کے جذبات بھڑکانے کا تعلق دین سے نہیں بلکہ سیاست سے ہے۔ اگر کوئی جماعت دھرنے کے ذریعے اگلے انتخابات میں اپنا سیاسی کیریئر بنانا چاہتی ہے تو کھل کر اظہار کرے۔لیکن پاکستان کے معصوم شہریوں کو جذبات کے ذریعے بھرکا کر تشدد کی طرف لے جانا کسی طور بھی جائز نہیں ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عوام کو اس بات پر مشتعل کرنا کہ ختم نبوت خطرے میں ہے کسی طور بھی مناسب نہیں دھرنے کے ذریعے جو امیج دنیا میں پاکستان کا جا رہا ہے وہ کسی طور بھی مناسب نہیں۔ کل تمام علماء و مشائخ مذاکرات میں موجود تھے ہم نے ان سے بھی گزارش کی کہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں ہم نے مکمل طور پر صبر اور ضبط کا مظاہرہ کیا نبی کریمؐ کی تعلیمات شائستگی کی ہیں میں دھرنا قائدین سے گزارش کروں گا کہ اشتعال انگیزی سے گیز کریں اپ کیوں نبی کریمؐ کے میلاد کو کشیدگی کی نذر کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر ملکی سفارتکار اور صحافی ہم سے پوچھتے ہیں کہ ختم نبوت کے حوالے سے کیوں ملک میں جھگڑا ہے ہم نے کہا اس معاملے پر قوم میں کوئی جھگڑا نہیں ہے ہم سب ختم نبوت پر جانثار ہیں۔ ہر شخص جو کلمہ پڑھتا ہے خواہ وہ کسی حلیے میں ہو ختم نبوت پر یقین رکھتا ہے دھرنے کے معاملے پر ہائیکورٹ کا حکم نامہ بھی آچکا ہے۔ نبی کریمؐ نے ہمیشہ شائستگی کا درس دیا دھرنے کے باعث لوگ جنازوں اور شادیوں میں نہیں پہنچ پارہے مریض اور غریب بلک رہے ہیں ۔

احسن اقبال نے کہا کہ ختم نبوت کوئی سیاسی معاملہ نہیں ہے دھرنے والوں کا ختم نبوت سے معتلق جذبہ ساری قوم نے دیکھ لیا ہے لہذا اس تنازعے کو ختم ہونا چاہئے۔ ہم سختی نہیں کرنا چاہتے میں اس معاملے میں دیر کرکے توہین عدالت کا مرتکب ہورہا ہوں۔ میں نے عدالت سے مزید وقت کی درخواست کی ہے ہماری پوری کوشش ہے کہ معاملے کو جلد از جلد انجام تک پہنچایا جائے۔میں پورے پاکستان کے عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ حکومت نے 2002 سے ساقط قانون کو بحال کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں کی زبان دل دکھانے والی ہے ہمارے پیارے نبیؐ نے ہمیشہ لوگوں کے راستے سے رکاوٹ دور کرنے کی تعلیم دی نبی کریمؐ نے کبھی بدترین دشمنوں کے لئے بھی سخت زبان استعمال نہیں کی ہمیں اپنے مذہب کی تعلیمات کے مطابق شائستگی اختیار کرنی چاہئے۔کسی کے بھی کافر ہونے کا فیصلہ الله تعالیٰ نے کرنا ہے دھرنے والوں کو اب کسی قسم کے حیلے بہانے اور حجت کے بغیر معاملہ حل کردینا چاہئے۔ ہمیں ایک دوسرے کے الفاظ پر اعتماد کرنا چاہئے اور بے جا شک و شبہ نہیں پیدا کرنا چاہئے۔ ہم کسی کو ختم نبوت کے معاملے پر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے کہا کہ ہمارا الله کے نبی حضرت محمدؐ کے ساتھ عزت‘ پیار اور حرمت کا رشتہ ہے۔