توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں،،حکومت نے جو بھی منصوبہ شروع کیا اسے تکمیل تک پہنچایا، وزیراعظم

 
0
350

کراچی نومبر 20 (ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں،حکومت نے جو بھی منصوبہ شروع کیا اسے تکمیل تک پہنچایاہے۔ گیس سے چلنے والے تین بجلی گھر جلد کام شروع کریں گے ،رواں سال پاکستان کی شرح نمو5.3فیصدرہی،آئندہ سال یہ شرح6فیصدتک پہنچ جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو پورٹ قاسم پر ایل این جی ٹرمینل کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنرسندھ محمدزبیر اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 2013میں جب حکومت سنبھالی تو ملک میں توانائی کا شدید بحران تھا،جس پر قابو پانے کیلئے گیس کو نظام میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی ۔پاکستان گیس پورٹ کنسورشیم کے تعاون سے ٹرمینل لگایااوراقبال زیڈ احمد نے جانفشانی سے ٹرمینل کے منصوبے کو مکمل کیا۔ اس کنسوشیم میں چین ، جاپان اور یورپ کی کمپنیاں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایل این جی سب سے سستا ایندھن ہے ۔ ہم مختلف ذرائع سے بجلی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے منصوبوں کو مکمل کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بجلی کی قلت کے باعث صارفین اور صنعتیں متاثرہورہی تھیں،اورکھادکے کارخانے اور گھریلو صارفین کو گیس کی کمی کا سامناتھا،گیس سے چلنے والے تین بجلی گھر جلد کام شروع کردیں گے۔۔ انہوں نے کہا دوسرے ایل این جی ٹرمینل کی تنصیب سے ہمیں وافر گیس مہیا ہو گی، ملک میں گیس سے بجلی پیدا کرنے والے مزید بجلی گھر بھی لگ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا گیس پلانٹس، سی این جی اور صنعتی ضرورتوں کے باعث گیس کی طلب ایک پی سی ایف ہے، آئندہ 3 سال میں ایل این جی کی طلب 30 ملین ٹن سے تجاوز کر جائے گی۔ انہوں نے کہا توقع ہے کہ ملک میں مزید ایل این جی ٹرمینلز لگیں گے، اس کے شعبے میں سرمایا کاری کے وسیع مواقع ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ ریگولیٹری فریم ورک فراہم کرناہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صوبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ایل این جی میں بہت زیادہ سرمایہ کاری ہو سکتی ہے ۔ سرمایہ کار ایل این جی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان آ کر سرمایہ کریں ۔ حکومت انہیں ہر ممکن مراعات اور تحفظ فراہم کرے گی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کوئلے سے تعمیر ہونے والا 360 میگاواٹ بجلی گھر کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔ اس کے علاوہ مزید بجلی گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں ۔ ان بجلی گھروں کی تکمیل سے توانائی کا بحران ختم ہو جائے گا ۔ پاکستان ترقی کر رہا ہے ۔ صنعت کا پہہ چل رہا ہے ، امن و امان بہتر ہونے کی وجہ سے ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے ۔ حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کے ماحول دوست تجارتی پالیسی تیار کی ہے ۔ تاجر اس پالیسی سے استفادہ کریں ۔ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کا معاشی نظام بہتر ہو رہا ہے اور معاشی اہداف حاصل کرنے کی مکمل کوشش کر رہے ہیں ۔ رواں سال پاکستان کی شرح نمو 5.3 فیصد رہی جبکہ آئندہ برس یہ شرح 6 فیصد تک پہنچ جائے گی ۔