دن کے اوقات میں منی مزدا کی شہر میں داخلے پر پابندی ختم ،دیگر مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل ،منی مزا گڈز ٹرانسپورٹرز نے دھرنا ختم کر دیا

 
0
924

لاہور نومبر 20 (ٹی این ایس) آل پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے دن کے اوقات میں منی مزدا کی شہر میں داخلے پر لگائی جانیوالی پابندی ختم کرنے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کے بعد احتجاجی دھرنا ختم کر دیا، منی ٹرانسپورٹرز کے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے منی مزدا پر شہر میں دن کے اوقات میں پابندی عائد کی گئی تھی جسکے خلاف کئی روز سے ٹرانسپورٹرز سراپاء احتجاج تھے ۔منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ٹرک ٹرالہ مو ٹر اونزر ایسوسی ایشن نے راوی روڈ سبزی منڈی پر بھی کچھ ہفتے قبل احتجاجی مظاہر ہ کیا تھا جسکے بعد سی ٹی او لاہور کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی مگر مسائل کو حل نہیں کیا گیا جس پر منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی نے مسائل کو حل کروانے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے دھر نے کا اعلان کیا تھا مگر مسائل حل نہ ہونے پر گزشتہ روز آل پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی شیر علی چوہدری ،سر پر ست اعلیٰ محمد الطاف پہلوان ،چیئر مین چوہدری جمیل ،جنرل سیکرٹری تنویر جٹ ،سینئر نائب صدر ناصر چٹھہ کی قیادت میں منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد نے بابو صابو چوک ،بند روڈ ،بتی چوک اور سبزی منڈی پر احتجاجی دھر نا دیتے ہوئے منی مزدا ٹرک کی بڑی تعداد سڑکوں پر لے آئے اور شہر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دئیے اور لگائی جانیوالی پابندی کو ختم کر نے کا مطالبہ کیا ۔

اس مو قع پر مر کزی صدر حاجی شیر علی چوہدری نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ حکومت کو بھاری ٹیکس دینے کے باوجود مسائل حل نہیں کئے جا رہے ،منی مزدا اور ہیوی ٹریفک میں فرق ہے ہمارا معاشی قتل نہ کیا جائے بلکہ تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے جو کہ ٹریفک جام کی وجہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ اعلیٰ حکام منی مزدا ٹرانسپورٹرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں تاکہ مسائل حل ہو سکیں ،ہم پر امن احتجاج کر نے کا حق رکھتے ہیں ،گڈز ٹرانسپورٹرز کے دھر نے کے باعث شہر میں بد ترین ٹریفک جام ہو گیا جس پر سی سی پی او لاہور کیپٹن ( ر) امین وینس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران مظاہر ین سے مذاکرات کیلئے پہنچ گئے اور کئی گھنٹوں کے مذاکرات کے بعد منی مزدا پر لگائی جانیوالی پابندی کو ختم کر دیا گیا اور دیگر مسائل کو حل کر نے کیلئے منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی جس پر مظاہر ین سی سی پی او لاہور کا شکر یہ ادا کیا اور احتجاجی دھر نا ختم کر دیا گیا جسکے بعد ٹریفک کھول دی گئی۔