ملک بھر میں جشن میلاد مصطفیؐ کی تیاریاں، مساجد اور محلے سج گئے

 
0
822

اسلام آباد نومبر 30(ٹی این ایس)آقائے دو جہاں سرور کائنات محمد مصطفی ؐ یوم ولادت (آج)انتہائی جوش وجذبے اور احترام کے ساتھ منایا جائیگا اس سلسلے میں مساجد اور گلی محلوں کے ساتھ سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجادیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد کی تمام سرکاری عمارتیں برقی قمقموں سے جگ مگانے لگیں ٗ پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور دیگر عمارتیں بھی سجا دی گئی ہیں۔آقا کی آمد مرحبا کہنے کیلئے گلی کوچے اور مساجد اس خوبصورتی سے سجائی گئی ہیں کہ دیکھنے والے دیکھتے رہ جائیں۔جشن عید میلادالنبی ؐ کی تیاریاں کراچی میں بھی پورے عروج پر پہنچ گئیں ٗ گلی محلوں کی سجاوٹ کے ساتھ سبز پرچموں، سبز ملبوسات اور چمکتی دمکتی لائٹوں والے بیجز بھی خوب خریدے گئے ٗشہر قائد میں غیر معمولی حفاظتی انتخابات کئے گئے ہیں جبکہ محکمہ داخلہ کی جانب سے بھی ضابط اخلاق جاری کردیا گیا ۔پشاور میں بھی جشنِ ولادتِ رسولؐ شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تیاریاں دن بھر زور و شور سے جاری رہیں ٗ شہر بھر میں تجارتی مراکز اور اہم مقامات سمیت گلی کوچوں کو برقی قمقموں سے بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا ۔عید میلاد کی مناسبت سے صوبائی اسمبلی اور اہم سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا جبکہ شہر میں روح پرور محافل بھی منعقد کی گئیں پورے ملک کی طرح کوئٹہ میں بھی عید میلادالنبی صل اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں اس سلسلے میں کوئٹہ میں نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں شعرا نے پیغمبر آخرالزماںؐپر عقیدت کے پھول نجھاور کئے۔