میلاد ریلی پر دومذہبی گروہوں میں خونین تصادم، 3 جانبحق 9 زخمی

 
0
331

خیر پور، دسمبر 01 (ٹی این ایس):پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے حسین آباد میں حکام کے مطابق دو مذہبی گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو پیش آنے والے تصادم کے نتیجے میں علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پائی جاتی ہے۔

تحریک قادری کی جانب سے ربیع الاول کے سلسلے میں ایک ریلی خیرپور کی طرف جا رہی تھی کہ یونین کونسل حسین آباد کے گاؤں جانی برڑو کے قریب اس پر فائرنگ کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 سے 60 افراد پر مشتمل ریلی کے شرکا اور کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے رہنما کے درمیان تلخ کلامی اور نعرے بازی ہوئی جس کے بعد نجی محافظوں نے فائرنگ کر دی۔ انھوں نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور نو کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق جان بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق تحریک قادری سے ہے۔

زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو سول ہسپتال خیرپور منتقل کیا گیا ہے، جہاں مقتولین کی شناخت ذوالفقار برڑو، لطیف ڈنو برڑو اور مشتاق برڑو کے نام سے ہوئی ہے۔ ڈی ایس پی ثنا اللہ کے مطابق پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دوسروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ خیرپور میں رینجرز کی بھی بھاری نفری تعینات ہے۔دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایس ایس پی خیرپور سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔