حکومت کی طرف سے یوم تاسیس پر پیپلز پارٹی کے جلسے کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی، قمر زمان کائرہ

 
0
380

اسلام آباد ،دسمبر 06(ٹی این ایس): پاکستان پیپلز پارٹی کے سنئیر رہنماء قمر زمان کائرہ نے بھی حکومت کیخلاف دھرنے کا عندیہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے یوم 50 ویں یوم تاسیس پر پریڈگرائونڈ جلسے کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی، جلسے کیلئے ٹریفک پلان تھا نہ ہی سیکیورٹی، حکومت کا وطیرہ یہی رہا تو پیپلزپارٹی بھی دھرنوں پر مجبور ہو جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مذہب اور سیاست کے گٹھ جوڑ کو نہیں چلنے دیں گے، پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کا جلسہ ہماری اور مخالفین کی توقعات سے بڑھ کر تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اس موقع پر بھی اپنے ہتھکنڈے آزمانے سے باز نہیں آئی، جان بوجھ روات اور کورال چوک پر ٹریفک کو روکا گیا اور جلسے کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی، جلسے کیلئے نہ تو ٹریفک پلان تھا اور نہ ہی سیکیورٹی اگر حکومت کا وطیرہ یہی رہا تو پیپلزپارٹی بھی دھرنوں پر مجبور ہو جائے گی، قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کل بھی طاقت تھی اور آج بھی طاقت ہے، جسے ختم نہیں کیا جا سکتا، ماڈل ٹاؤن کے حوالے باقر نجفی کمیشن رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کمیشن خود وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بنایا تھا، اب اس پر مکمل عمل درآمد ہونا چاہئے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دینی چاہئے۔