دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی زندگیوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی

 
0
357

 

اسلام آباد دسمبر12(ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی پرزور مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں سیکنڈ لیفٹیننٹ عبدالمعید اور سپاہی بشارت شہید ہوگئے۔ وزیراعظم نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی زندگیوں کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جو ہماری قومی تاریخ کے اہم ترین جزو کی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے مادر وطن کی خاطر اپنے نہایت گرانقدر اثاثے کو قربان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم اپنے ملک کے دشمنوں کے خلاف جنگ میں غیور مسلح افواج کی عظیم ترین خدمات کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ملک بھر سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کی ریڑھ کی ہڈی کو توڑ کر پاکستان نے دہشت گردی کی عفریت کو شکست دی ہے۔ ہم نے یہ جنگ جیتی ہے اور انشاء اللہ بہت جلد اس کی باقیات کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے۔