سپاٹ فکسنگ کا نیا سکینڈل، ایشز سیریز میں سٹے بازی کی کوشش ناکام بنادی، برطانوی اخبار کا دعویٰ

 
0
6748

لندن دسمبر 14(ٹی این ایس) فکسنگ الزامات نے ایشز سیریز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی فکسرز نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کو فکس کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پرتھ ٹیسٹ کے دوران سٹے بازوں نے فکسنگ کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے معلومات پر مبنی ڈوزیئر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے حوالے کردیا گیا ہے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین پریانک سکسینا اور صوبر جوبن نے اسپاٹ فکسنگ کے لئے ایک لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ طلب کیے جب کہ سٹے بازوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارے اشاروں پر ناچتے ہیں۔بھارتی سٹے باز ‘مسٹر بگ’ نے رپورٹر کو بتایا کہ میچ سے پہلے بتاؤں گا کہ کس اوور میں کتنے رنز بنیں گے، اس پر رقم لگاؤ اور رقم بھارت میں جمع کرانا ہوگی جب کہ آسٹریلوی کرکٹ میں بھی ہمارا فکسر موجود ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق فکسرز نے مزید بتایا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں ان کے ساتھی کا فرضی نام خاموش شخص (سائلینٹ مین) ہے جو ان سے رابطے میں ہے۔فکسر کا کہنا ہے کہ اس نے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا اور خاص طور پر ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ایک آل راؤنڈر کے ساتھ بھی کام کر چکا ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق سٹے بازی کے حوالے سے معلومات کا ڈوزیئر آئی سی سی کے حوالے کر دیا گیا ہے جب کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے معلومات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے پرتھ ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنک الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ کی گورننگ باڈی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی۔