دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پُرعزم، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔
ہرارےجولائی2(ٹی این ایس) سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کا مقابلہ آج آسٹریلیا سے ہوگا۔زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پرعزم ہیں۔آخری مرتبہ دونوں ٹیمیں 2016 میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مدمقابل آئیں تھی جس میں آسٹریلیا نے گرین شرٹس کو 21 رنز سے شکست دی تھی۔گزشتہ روز سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو شکست دینے کے بعد پاکستان کو 2 پوائنٹس حاصل ہیں جب کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ٹیم میں کوئی تبدیلی کا امکان نہیں تاہم قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، حسین طلعت، آصف علی، شعیب ملک، حارث سہیل، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، شاداب خان، عثمان خان، شاہین شاہ آفریدی اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔
زمبابوے کی طرح آسٹریلیا بھی تنازعات کی زد میں ہے، بال ٹیمپرنگ کے بعد پابندی کا شکار ہونے والے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکروفٹ کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد سہ فریقی سیریز میں کینگروز کی جانب سے نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کے فرائض ایرون فنچ انجام دیں گے جن کے ساتھ پرانے ساتھی گلین میکسویل ہی ہیں اور دیگر ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ایرون فنچ کو سہ فریقی سیریز میں الیکس کیری، ایشٹن اگر، ٹرویس ہیڈ، نک میڈنسن، جے رچرڈسن، کین رچرڈسن، آرکی شارٹ، بلی اسٹین لیک، مارکس اسٹونس، مچل سیوپن، اینڈریو ٹائی اور جیک ویلڈموتھ کی خدمات حاصل ہوں گی۔