اسلام آباد میں لیاقت جمنیزیم پاکستان سپورٹس بورڈ میں دوسری بین الصوبائی قائداعظم گیمزکا شاندار افتتاح

 
0
570

اسلام آباد ،دسمبر 25 (ٹی این ایس): دوسرے بین الصوبائی گیمز کا شاندار افتتاح ہوگیا ، بلوچستان سمیت ملک بھر سے 28ٹیموں کے 400کھلاڑی حصہ لیں گے ، کھیلوں کے یہ قومی مقابلے 29دسمبر تک جاری رہیں گے ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری رہنے والے ان بین الصوبائی گیمز کا افتتاح پیرکے روزسینیٹ میں مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ان قومی مقابلوں کا انعقاد انتہائی اہم پیشرفت ہے جس کی بدولت ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں کو آگے آنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع دستیاب ہوں گے ۔انہوں نے بین الصوبائی گیمز کے انعقاد پر
پاکستان سپورٹس بورڈ اوروفاقی محکمہ کھیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کی نعمتوں سے مالا مال کیا ہے یہاں ہر کھیل کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے بس ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملنے چاہئیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کھیل میاں ریاض حسین ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز ، گنجیرا سمیت دیگر اعلیٰ حکام اورتمام صوبوں کے سپورٹس بورڈز کے حکام و سینئر کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھے ۔ واضح رہے کہ 29دسمبر تک جاری رہنے والے بین الصوبائی گیمز میں28کھیل کھیلے جائیں گے ان صوبائی گیمز میں چاروں صوبوں کے علاوہ فاٹا ، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر کے ہزاروں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جبکہ کھیلوں کے ان قومی مقابلوں میں شرکت کے لئے بلوچستان سے بھی 4سوکھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل خصوصی وفد شریک ہے جس کی قیادت بلوچستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر منور احمد ،محمد آصف لانگو ، عبدالغفور، غلام حیدری لہڑی وصوبائی سپورٹس بورڈ کے دیگر حکام کررہے ہیں ۔ بلوچستان کے وفدمیں شریک صحافیوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے اس عزم کااظہار کیا کہ وہ ان قومی مقابلوں میں صوبے کی بھرپورنمائندگی کرتے ہوئے بلوچستان کے لئے اعزازات جیت کر واپس آئیں گے۔