وزیراعلی کا کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کی تکمیل کے لئے انتھک محنت کرنے پر اپنی پوری ٹیم کو داد تحسین

 
0
426

لاہور،دسمبر 25 (ٹی این ایس):وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے پہلے مرحلے کی افتتاحی تقریب کے دوران اپنی تقریر میں بتایا کہ ان پر 2003میں اپینڈکس کے مہلک کینسر نے حملہ کیااور میں علاج کے لئے امریکہ گیا۔ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے میرا علاج کامیاب رہا اور آج میں عوام کی خدمت کر رہاہوں ورنہ آج میں آپ کے سامنے نہ ہوتا۔مجھے اس علاج پر خطیر رقم خرچ کرنا پڑی، اس دوران مجھے یہ سوچ بار بار آئی کہ ایک عام آدمی کس طرح ایسے موذی مرض کا علاج کروا سکتاہے اورکس طرح وہ لاکھوں روپے اپنے علاج پر صرف کرسکتا ہے ۔

قائد اعظمؒ نے پاکستان اس لئے نہیں بنایا تھا کہ یہاں صحت اور تعلیم کی سہولتیں عام آدمی کے لئے نا پید ہوں۔اب بھی وقت ہے کہ ہم معاملات درست کر لیں ورنہ کچھ نہیں بچے گا۔وزیراعلی نے کہاکہ آج میں پنجاب کے وزیراعلی کی حیثیت سے بات نہیں کر رہا بلکہ پاکستانی کی حیثیت سے پاکستان کی بات کررہاہوں کیونکہ یوم قائدؒ کا یہی پیغام ہے ۔ وزیراعلی نے کہا کہ نئے جہان دھرنوں، لاک ڈاؤن، ٹانگیں کھینچنے، الزام تراشیاں کرنے یا میٹروٹرین کے منصوبے میں 22 ماہ کی تاخیر کرانے سے نہیں بنتے بلکہ نئے جہان محنت ، امانت اور دیانت سے بنتے ہیں اوریہی قائد کا پیغام ہے ۔

وزیراعلی نے پہلے مرحلے کے منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر پنجاب حکومت کے وزراء ، چیف سیکرٹری،ڈاکٹر سعید اختر، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اوردیگر اداروں کے افسروں، انجینئرز ، کنٹریکٹرز اور مزدوروں کیلئے خصوصی طور پر تالیاں بجوائیں ، وزیراعلی کے کہنے پر تمام شرکاء نے کھڑے ہو کرپرجوش انداز میں تالیاں بجائی۔وزیراعلی نے منصوبے کی تکمیل کے لئے انتھک محنت کرنے پر اپنی پوری ٹیم کو سلیوٹ کیااور ان کی کارکردگی کو سراہا۔