پاکستان میں غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن میں پانچ دن باقی

 
0
282

مانسہرہ،دسمبر26(ٹی این ایس): پاکستان میں غیر رجسٹرڈ پانچ لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن میں صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں، رجسٹریشن نہ کرانے والے غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو غیر قانونی تصور کر کے ان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ ایکشن پلان کے تحت پاکستان میں پانچ لاکھ سے زائد غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی ڈیڈ لائن 31 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے، اب تک ساڑھے چار لاکھ سے زائد غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے، رجسٹریشن کرانے کی مدت پانچ روز بعد ختم ہو جائے گی اور اس کے بعد پاکستان میں رہائش پذیر افغانی غیر قانونی تصور کئے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تاحال غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی گئی ہے جس کے باعث یکم جنوری 2018ء سے غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو غیر قانونی تصور کیا جائے گا اور ان کے خلاف ممکنہ آپریشن کی اجازت بھی طلب کی گئی۔