اسلام آباد دسمبر 15 (ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہاہے کہ حدیبیہ کیس میں نیب پراسیکیوشن پر پہلے دن سے تحفظات تھے اور پہلے ہی کہا تھا کہ جس طرح کیس چلایا جارہا ہے ٗیہ کیس کامیاب نہیں ہوگا۔ جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ حدیبیہ پیپرز ملز ریفرنس پر اعلیٰ عدالت کے فیصلے کی یقینی طور پر اہمیت ہے جس طریقے سے نیب کے وکیل نے مقدمہ پیش کیا اس کی کامیابی کے امکانات نہیں تھے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اسحاق ڈار اور نیب کے تعلقات اتنے گہرے ہیں کہ ہم نے دیکھا کہ نیب کے پراسیکیوٹر ریٹائرڈ ہونے کے بعد اگلے ہی روز اسحاق ڈار کے وکیل بن کر عدالت میں پیش ہوگئے۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک ارب 24 کروڑ روپے اس کیس میں شامل ہیں اور یہ قوم کا پیسہ ہے ٗ کسی کے ذاتی پیسے نہیں ٗ عدالت کے پانچ رکنی بینچ نے بھی اس پر جو ریمارکس دیئے وہ سب کے سامنے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ یہ بہت آسان ہے پہلے پیسے لوٹیں پھر اپنی مرضی کے لوگوں سے تفتیش کرائیں پھر عدالت میں کیس جائے تو پھر کلین چٹ لے کر چلے جائیں۔تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ کیس میں اسحاق ڈار وعدہ معاف گواہ سے ملزم بنے تاہم سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے پر غور کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اگر تحریک انصاف کی حکومت آئی تو کیس کو منطقی انجام تک پہنچائینگے ۔