اسلام آباد دسمبر 17(ٹی این ایس) وفاقی پولیس کے زیر انتظام مختلف ڈیپارٹمنٹس کے درمیان چار روز تک جاری رہنے والا انٹر ڈویژنل کرکٹ ٹورنامنٹ آج اتوار کواختتام پذیر ہوا۔ٹورنامنٹ کے فائنل میں وفاقی پولیس کے آپریشن ڈویژن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاجسٹک ڈویژن کو ہرا کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔
ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی سیکورٹی وقار چوہان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کو یقینی بنا کر احسن قدم اٹھایا۔
تقریب میں خصوصی طور پر شریک ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر وقار ستی کا کہنا تھا کہ پولیس کیلئے اس طرح کے اقدامات اٹھانا انتہائی مستحسن قدم ہے۔
ایس ایس ٹریفک ملک مطلوب کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی جسمانی فٹنس کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئی جی اسلام آباد نے اپنی تعیناتی کے بعد بہترین اقدام اٹھائے ۔ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے قائد ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ وفاقی پولیس کا مورال بلند کرنے اور افسران و اہلکاروں کی آپسی کوآرڈینیشن کی بہتری کیلئے آئی جی اسلام آباد کی کاوشوں کو اور ان کی ذاتی دلچسپی قابل ستائش ہے۔
۔وفاقی پولیس کے اہلکار اور افسران آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہتے ہیں کہ مصروف شیڈول میں اس طرح کے اقدامات سے پولیس کا مورال بلند ہو گا۔

















