روسی سکیورٹی سروسز نے سینٹ پیٹرز برگ میں ایک حملے کو ناکام بنا دیا

 
0
340

 

 

ماسکو ،دسمبر18(ٹی این ایس): امریکہ اور روس کے راہنماﺅں نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر روسی سکیورٹی سروسز نے سینٹ پیٹرز برگ میں ایک حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔روس کے صدارتی دفتر اور وائٹ ہاﺅس نے تصدیق کی ہے کہ روسی صدر ولادیمر پوتن نے ٹیلی فون کر کے اپنے امریکی ہم منصب صدر ٹرمپ کا معلومات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

روس نے کہاہے کہ مبینہ طور پر سینٹ پیٹرز برگ کے ژازان کیتھیڈرل چرچ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔وائٹ ہاﺅس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو حملے سے پہلے پکڑ لیا گیا اور حملے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اموات ہو سکتی تھیں۔روس کی سکیورٹی سروس ایف ایس بی نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے دولت اسلامیہ کے ایک سیل کے 7 ارکان کو حراست میں لیا ہے اور بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد، ہتھیار اور شدت پسندی پر مبنی تحریری مواد قبضے میں لیا ہے۔

وائٹ ہاﺅس کا کہنا ہے کہ دونوں راہنماوں نے بات چیت میں اتفاق کیا کہ جب دونوں ممالک مل کر کام کریں تو حالیہ تعاون مثبت چیزوں کے برآمد ہونے کی ایک مثال ہے۔خیال رہے کہ دونوں راہنماﺅں کے درمیان ایک ہفتے کے دوران دوسری بار ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔ اس سے پہلے جمعرات کو دونوں نے شمالی کوریا کے معاملے پر بات چیت کی تھی جس میں صدر ٹرمپ نے سالانہ پریس کانفرنس میں امریکی کی مضبوط اقصادی ترقی کو تسلیم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔