سینیٹ کو بریفنگ کے دوران آرمی چیف نے کہا وہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو مانتے ہیں ، مشاہد حسین سید

 
0
442

اسلام آباد ،دسمبر 19(ٹی این ایس): سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیرمین مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ سینیٹ کو بریفنگ کے دوران آرمی چیف نے کہا وہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو مانتے ہیں ،ْسینیٹ کمیٹی کو قومی سلامتی سمیت دیگر امور پر طویل بریفنگ دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے بریفنگ کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی بریفنگ کے دوران اتنی تفصیلی اور کھل کر بات ہوئی، یہ پہلی مرتبہ ہوا، کوئی ایسا مسئلہ نہیں تھا جس پر سوال نہیں کیا گیا اور آرمی چیف نے جواب نہ دیا ہو۔

مشاہد حسین نے کہا کہ بریفنگ میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، امریکا سے تعلقات، افغان حکمت عملی، بھارت، مشرقی وسطیٰ کے مسائل اور ملک کے اندرونی معاملات سمیت سب پر بات ہوئی۔انہوںنے کہاکہ بریفنگ میں بہت اچھا ماحول رہا ،ْسب بہت مطمئن ہیں، بریفنگ کے دوران قہقہے بھی لگ رہے تھے ،ْ آرمی چیف نے کہا کہ وہ کھل کر پارلیمنٹ کی بالادستی کو مانتے ہیں۔

دفاعی کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یہ سول ملٹری ریلیشن کے لیے اچھی بات ہے، آج تمام خوف و خدشات سب دور ہوگئے ہیں ،ْواضح ہوگیا کہ پاکستان ایک جاندار جمہوریت ہے اور تمام ستون آئین کے مطابق کام کررہے ہیں، ملک میں جمہوری عمل آگے چلے گا، آج ہم آہنگی کو بہت تقویت پہنچی ہے۔ مشاہد حسین نے کہاکہ یہ بریفنگ عسکری حکام اور پارلیمانی رہنماؤں کیلئے بہت اچھی تھی ،ْ آج عسکری حکام اور جمہوریت کے لیے بھی تاریخی دن ہے۔پیپلزپارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آرمی چیف نے طویل بریفنگ دی اور یہ پہلی بار ہوا، انہوں نے ہر چیز پر کھل کر بات کی، جہاں جہاں ڈی جی آئی ایس آئی کی ضرورت پڑی انہوں نے بھی بات کی، آج سب کے خدشات دور ہوگئے ہیں۔