فاٹا اصلاحات بل پر جے یوآئی (ف) کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس,آرمی چیف اور سربراہ جے یو آئی (ف) کی اجلاس میں شرکت

 
0
500

اسلام آباد دسمبر 19 (ٹی این ایس)فاٹا اصلاحات بل پر جمعیت علماء اسلام(ف) کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان شریک ہوئے، اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے اور بل کو جلد قومی اسمبلی سے پاس کرانے کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جنہوں نے گزشتہ رات بھی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی جس میں یہ طے پایا تھا کہ آج پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم کے چیمبر میں ایک اجلاس ہو گا جس میں آرمی چیف بھی شریک ہوں گے آج کے اجلاس میں آرمی چیف نے فاٹا میں اصلاحات کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے تیار کئے گئے بل کے امور پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا اور یہ وہی نقطہ نظر ہے جو انہوں نے گزشتہ روز نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا تھا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ رائے دی گئی تھی کہ فاٹا اصلاحات بل کو فوری طور پر پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے تا کہ فاٹا کے عوام کو تمام آئینی حقوق حاصل ہو سکیں،

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے مشروط طور پر بل کی حمایت پر آمادگی ظاہر کی ہے اور انہوں نے پارٹی سے مشاورت کر کے آئندہ ایک یا دو روز میں وزیراعظم کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات 30 منٹ سے زائد تک جاری رہی جس میں آرمی چیف کی طرف سے سینیٹ کی ہول کمیٹی کو ملکی سلامتی اور دیگر امور پر دی گئی بریفنگ کا معاملہ بھی زیر غور آیا اور آرمی چیف نے وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان کو بتایا کہ سینیٹرز کے سوالات کے بھی جوابات دیئے گئے ہیں اور وہ سینیٹ میں آ کر خوش ہوئے ہیں اور آج کی بریفنگ پر انہیں اطمینان ہے۔فاٹا کے معاملے پر ابھی بات چیت جاری رہے گی، فاٹا بل پر ابھی مزید مشاورت ہو گی، حکومت کے ساتھ ابھی فاٹا بل پر بات چیت چلتی رہے گی، عسکری حکام سے مزید ملاقات کی ضرورت نہیں۔